شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں جنوب مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بھارتی ریاست گجرات پر موجود ہے جوکہ مغرب اور شمال مغرب کی سمت میں بڑھ رہا ہے، یہ سسٹم اس وقت کراچی سے تقریباً 340 کلومیٹر دور موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے آج رات یا کل صبح تک شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں داخل ہونے کا امکان ہے اور سازگار ماحول سے یہ سسٹم مزید شدت اختیار کرکے کل تک ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے، ابتدائی طور پر یہ سسٹم مغرب جنوب مغرب کی سمت میں آگے بڑھے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے اثر سے آج اور کل تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بدین، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، حیدرآباد، ٹھٹہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، مٹیاری اور کراچی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسی دوران سمندر میں انتہائی طغیانی ہوسکتی ہے اور 45 سے 55 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں 2 اکتوبر تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔