امریکا کی جانب سے کوئٹہ کے ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانے نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
امریکی سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے تاکہ عوام کو خوف اور تشدد سے محفوظ زندگی میسر آ سکے۔
دوسری جانب امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کا کہنا ہے کہ ہم بلوچستان اور پورے ملک میں امن و استحکام قائم رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرنے کے حوالے سے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ آج کوئٹہ میں پشین اسٹاپ کے قریب خودکش دھماکے میں 2 ایف سی کے جوانوں سمیت 10 افراد شہید جبکہ 26 زخمی ہو گئے۔