کوئٹہ میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کی جانب سے خودکش دھماکا کیا گیا ہے جس میں حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے، جبکہ واقعے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق زرغون روڈ پشین اسٹاپ کے قریب دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکا کیا، حملہ آور دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں خودکش حملہ آور کے علاوہ 5 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔ دھماکے میں ایف سی کے 2 جوان زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، سب مارے گئے ہیں۔
وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکریٹری مجیب الرحمٰن کی ہدایت پر ایمرجنسی نافذ کی گئی۔
ایم ایس سول اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر عبدالہادی کے مطابق دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے عام شہری ہیں، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ایمرجنسی سول اسپتال، بی ایم سی اسپتال اور ٹراما سینٹر میں نافذ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، اسٹاف نرسز پیرامیڈیکل اسٹاف اسپتالوں میں طلب کیا۔
گورنر بلوچستان کا شہریوں کی اموات پر گہرے رنج کا اظہار
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے پشین اسٹاپ کے قریب دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ نہتے شہریوں کی شہادت اور ان کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔
گورنر نے ہدایت کی کہ فوری طور پر تمام زخمیوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بلوچستان کو پُرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ وزیراعلی بلوچستان کی دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔