بھارتی شہر دہلی میں نشے میں دھت ٹیچر کو کھانے کا بل ادا کرنے سے انکار مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رشی کمار نامی استاد نے کھانے کی ترسیل کرنے والے ڈلیوری بوائے ارجن کو بل ادا کرنے سے ناصرف انکار کیا بلکہ اس کے ساتھ بدسلوکی بھی کی جس پر ارجن نے پولیس کو اطلاع کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شکایت موصول ہونے پر دو پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو رشی کمار نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی بدسلوکی کی اور اِنہیں گالیاں دیں۔
پولیس کے مطابق ڈلیوری بوائے ارجن نے اہلکاروں کو بتایا کہ جب وہ کھانا ڈیلیور کرنے آیا تو وہاں موجود افراد نے اس کا آرڈر زبردستی چھین لیا اور بل ادا کرنے سے انکار کیا، بِل کی ادائیگی پر جب اِس نے اصرار کیا تو استاد سمیت اس کے ساتھیوں نے مار پیٹ کی۔
پولیس کے مطابق نشے میں دھت ملزم رشی کمار نے پوچھ گچھ کے دوران پولیس اہلکاروں کو بھی گالیاں دیں، جب اہلکاروں نے اسے پولیس اسٹیشن ساتھ جانے کو کہا تو اس نے انکار کر دیا، آخرکار دونوں پولیس اہلکار اسے زبردستی اسپتال لے گئے جہاں میڈیکل ٹیسٹ کے دوران شراب نوشی کی تصدیق ہوئی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ارجن نے پولیس میں شکایت درج نہیں کروائی کیونکہ اس کے پاس مزید آرڈرز تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ رشی کمار کو سمجھا کر گھر واپس بھیج دیا گیا تاہم پولیس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ رشی کمار نے میڈیکل ٹیسٹ کے دوران اپنا غلط نام فراہم کیا تھا، معاملے پر مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔