• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا بےنقاب کر دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا بے نقاب کر دیا۔

محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کر کے بھارتی کرکٹ بورڈ سے معافی مانگنے سے متعلق زیر گردش خبروں کو بے بنیاد اور جعلی قرار دے دیا۔

انہوں نے لکھا کہ میں نے بی سی سی آئی سے کبھی معافی نہیں مانگی اور نہ ہی کبھی ایسا کروں گا۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لکھا کہ بھارتی میڈیا کا کام صرف اپنے لوگوں کو بیوقوف بنانا ہے، بھارتی میڈیا غلط اور جھوٹی خبریں چلا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بھارت کرکٹ میں سیاست لے کر آیا، بھارت نے کھیل کی ساکھ کو متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے بھارت کو ٹرافی اسی دن دینا چاہتا تھا۔ میں اب بھی ٹرافی دینے کو تیار ہوں اگر وہ چاہتے ہیں، میرے اے سی سی کے دفتر آئیں اور ٹرافی لے جائیں۔

واضح رہے کہ 28 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا فائنل جیتنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اختتامی تقریب میں سربراہ اے سی سی محسن نقوی کے ہاتھوں سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا تھا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس رویے کی وجہ سے اختتامی تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، جس کے بعد منتظمین نے میدان میں رکھی ٹرافی کو واپس کمرے میں پہنچا دیا، بھارتی ٹیم ٹرافی کے انتظار میں منہ تکتی رہ گئی۔

بھارتی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر ٹرافی کے ساتھ اپنی فیک تصاویر پوسٹ کیں، سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو اور سید کرمانی کہہ چکے ہیں کہ کھیل میں سیاست کو نہیں آنا چاہیے۔

بعدازاں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ راجیو شکلا کو ٹرافی کی یاد ستانے لگی تو انہوں نے محسن نقوی سے ٹرافی مانگ لی، جس پر محسن نقوی نے مشروط آمدگی ظاہر کی اور کہا کہ بھارتی ٹیم کو ٹرافی چاہیے تو کپتان اے سی سی کے دفتر آکر مجھ سے وصول کر لے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید