بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان پہلی بار ارب پتی کلب میں شامل ہوگئے۔
ہورون انڈیا کی رچ (دولت مند سیلیبریٹیز فہرست) لسٹ 2025 جاری کردی گئی، اس کے مطابق شاہ رخ خان اس فہرست میں اول نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین عشروں سے زیادہ عرصے پر محیط بالی ووڈ کیریئر کے دوران وہ پہلی بار اس کلب میں شامل ہوئے ہیں۔
ہورون ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے یہ لسٹ ہر سال شائع کی جاتی ہے، جو بھارت میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات کی دولت کا جائزہ لیتی ہے۔
شاہ رخ خان کی دولت میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے، فہرست میں بتایا گیا ہے کہ بالی ووڈ کے بادشاہ 59 سالہ شاہ رخ خان پہلی بار ارب پتی کلب میں شامل ہوئے ہیں، جن کی دولت 12,490 کروڑ روپے ہے۔ رپورٹ کے مطابق کنگ خان 2025 میں سب سے زیادہ دولت مند بالی ووڈ اسٹار بن کر ابھرے ہیں۔
اس فہرست کے مطابق اداکارہ جوہی چاؤلہ اور ان کا خاندان 7,790 کروڑ روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ ریتک روشن 2,160 کروڑ روپے، تیسرے، کرن جوہر اور امیتابھ بچن بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
واضح رہے کہ 2024 کی ہورون فہرست میں شاہ رخ خان نے 7,300 کروڑ کے ساتھ فہرست میں ڈیبیو کیا تھا۔ وہ اداکاری کے علاوہ ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ نامی پروڈکشن ہاؤس اور آئی پی ایل میں ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے شریک مالک بھی ہیں۔