وفاقی ادارۂ شماریات نے تجارتی اعداد و شمار جاری کر دیے جس کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارہ اور درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
ادارۂ شماریات نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارے میں 32.92 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جولائی تا ستمبر 2025ء تجارتی خسارہ 9 ارب 36 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز پر پہنچ گیا۔
ستمبر میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 45.83 فیصد کا اضافہ ہوا، ستمبر میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 16.33 فیصد بڑھ گیا، گزشتہ ماہ تجارتی خسارے کا حجم 3 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا۔
جولائی تا ستمبر 2025ء درآمدات 13.49 فیصد بڑھ گئیں، اس دوران درآمدات کا حجم 16 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا، ستمبر 2025ء میں درآمدات 5 ارب 84 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہیں۔
جولائی تا ستمبر 2025ء ملکی برآمدات 3.83 فیصد کم ہوئیں، پہلی سہ ماہی میں برآمدات 7 ارب 60 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہیں، ستمبر میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 11.71 فیصد کی کمی ہوئی۔
گزشتہ ماہ ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 3.64 فیصد کا اضافہ ہوا، ستمبر 2025ء میں ملکی برآمدات کا حجم 2 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا۔