• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: قتل کا مقدمہ درج ہونے کے 2 سال بعد خاتون زندہ نکلی


بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع اورئیہ میں دو سال قبل خاتون کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم اب وہ زندہ مل گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق 20 سالہ خاتون 2023 میں اپنی سسرال سے لاپتہ ہوگئی تھیں۔ کافی عرصے تک کوئی سراغ نہ ملنے پر ان کے اہلِ خانہ نے اسی سال 23 اکتوبر کو گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ جب تحقیقات کے باوجود کچھ پتہ نہ چلا تو لڑکی کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا کہ اسے جہیز کے لیے قتل کیا گیا ہے۔ 

عدالت کے حکم پر شوہر اور 6 سسرالی رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا، یہ مقدمہ گزشتہ دو برس سے چل رہا تھا۔ تاہم اسپیشل آپریشنز گروپ اور پولیس کی نگرانی ٹیموں نے خاتون کو مدھیہ پردیش سے ڈھونڈ نکالا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون شادی کے ڈیڑھ سال بعد لاپتہ ہو گئی تھی۔ پہلے گمشدگی کی رپورٹ درج ہوئی اور پھر عدالت کے حکم پر جہیز کے لیے موت کا مقدمہ بنایا گیا۔ تحقیقات کے دوران ہمیں وہ مدھیہ پردیش میں ملی، جسے بدھ کے روز واپس اورئیہ لایا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ جانچ کی جا رہی ہے کہ خاتون مدھیہ پردیش میں کہاں اور کس حالت میں رہ رہی تھی اور اس نے دو سال تک اپنے گھر والوں اور نہ ہی سسرالیوں سے رابطہ کیوں نہیں کیا۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید