کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت کے ساتھ مذاکرات قابلِ قبول نہیں ہوں گے ۔کشمیری عوام کو تنہا چھوڑ نا شہداء کے خون سے غداری ہو گی ۔وزیر اعظم نواز شریف بھارت کا دوست بننے کے بجائے محمد بن قاسم کا کردار ادا کر یں۔بھارت نے پاکستان کی شہہ رگ پر قبضہ کیا ہو ا ہے ۔کشمیری عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔اقوامِ متحدہ کو مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کی طر ح مسئلہ کشمیر کے لیے اپنا کردار ادا کر نا چاہئے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانا چاہئے ۔ہم خون کے آخری قطرے تک تحریک آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ہم نے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی ہے اور ہم مشاورت سے ایک روڈ میپ بنائیں گے ۔آج حکمران تو خاموش ہیں اور سورہے ہیں لیکن خواتین زندہ اور بیدا ر ہیں اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئی ہیں۔خواتین کے اندر حمیت اور غیرت موجود ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین کے تحت جمعرات کے روز مزار قائد پر ’’یکجہتی کشمیر خواتین مارچ ‘‘ سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔مارچ میں ہزاروں خواتین نے شر کت کی اور کشمیری عوام اور خواتین سے بھر پور یکجہتی کا اظہا ر کیا گیا اور شہداء کشمیر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔مارچ سے امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھی خطاب کیا ۔نظامت کے فرائض توفیق الدین صدیقی نے انجام دیئے ۔سراج الحق نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور کشمیری مجاہدین تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک کشمیر ی کے لیے سات فوجی موجود ہیں ۔ہماری شہہ رگ پہ بھارت نے قبضہ کیا ہوا ہے لیکن حکمرانوں کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج خواتین کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف مودی کے دوست نہ بنیں بلکہ محمد بن قاسم کا کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم پاکستان بھارت کے بجائے کشمیریوں کے دست و بازو بنیں ۔