جاپان کے شہر اوساکا میں جاری عالمی ایکسپو 2025 میں پاکستانی پاویلین نے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ صرف 5 ماہ کے دوران 16 لاکھ سے زائد افراد نے پاکستانی پاویلین کا دورہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان کے پنک سالٹ، جو اس پاویلین کا مرکزی تھیم ہے، کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ پاکستانی پاویلین میں ناصرف پنک سالٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرایا گیا بلکہ جاپان سمیت کئی ممالک کے بڑے خریداروں کی جانب سے پاکستان کو بھاری آرڈرز دینے کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں۔
پنک سالٹ کی بین الاقوامی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پروڈکٹ پاکستان کے برآمدی شعبے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یاد رہے کہ ماضی میں جاپان میں بھارتی اور اسرائیلی کمپنیاں پاکستانی پنک سالٹ کو اپنی برانڈنگ کے ساتھ فروخت کر رہی تھیں، تاہم اب پاکستانی حکومت نے باضابطہ طور پر اس پروڈکٹ کو پاکستان کی پہچان کے طور پر متعارف کرایا ہے اور عالمی سطح پر یہ پیغام دیا ہے کہ پنک سالٹ بنیادی طور پر پاکستان کا اصل پروڈکٹ ہے۔
روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی پاویلین کے انچارج ڈی جی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نصیر احمد نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔ لاکھوں افراد نے ناصرف ہمارے پاویلین کو سراہا بلکہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر نئے خریداروں تک پہنچانے کا موقع بھی ملا ہے۔ خاص طور پر پنک سالٹ کو غیر معمولی پذیرائی ملی ہے جس سے پاکستان کی برآمدات کو زبردست تقویت ملے گی۔
ماہرین کے مطابق اگر حکومت اس رفتار سے پاکستانی مصنوعات کی پروموشن جاری رکھے تو مستقبل قریب میں جاپان سمیت دنیا بھر میں پاکستان کے تجارتی مواقع کئی گنا بڑھ سکتے ہیں۔