• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا موقع دیکھ رہے ہیں: مارکو روبیو

امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو—فائل فوٹو
امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو—فائل فوٹو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا موقع دیکھ رہے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام یہ ہے کہ جہاں ممکن ہو مشترکہ مفادات پر ممالک کے ساتھ شراکت داری کے مواقع پیدا کریں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ سے سوال کیا گیا کہ ’کیا بھارت نے پاکستان اور امریکا کے بڑھتے تعلقات پر کوئی اعتراض یا خدشہ ظاہر کیا ہے؟‘ اسی طرح ایک اور سوال پوچھا گیا کہ ’بھارت نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات پر کوئی تشویش ظاہر کی ہے؟‘

ان سوالات کا جواب دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا، ’نہیں، حقیقتاً ایسا نہیں ہوا، ہم جانتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود کشیدگی کی وجہ سے بھارت کے خدشات فطری ہیں تاہم بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ ہمیں بہت سے ممالک کے ساتھ تعلقات رکھنے ہوتے ہیں۔‘

مارکوروبیو نے کہا کہ مجھےلگتا ہےکہ سفارتکاری سے متعلق بھارتی بہت پختہ اور حقیقت پسندانہ رویہ رکھتے ہیں، بھارت کے بھی کچھ ممالک کے ساتھ تعلقات ہیں جن کے ساتھ ہمارے نہیں ہیں اور یہ کچھ ممالک کا کچھ ممالک سے تعلقات ہونا یا نہ ہونا عملی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔

امریکی وزیرِخارجہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہم جو کچھ پاکستان کے ساتھ کر رہےہیں وہ بھارت سے تعلقات کی قیمت پرہے انہوں نے ہا کہ ’میرا خیال ہےپاکستان نے پاک بھارت ممکنہ جنگ رکوانے میں امریکی صدر ٹرمپ کے کردرار کو سراہا ہے، جب کسی کےساتھ کام کریں تو ایک دوسرے  کو بہتر سمجھنے کا موقع ملتا ہے، اعتماد بڑھتا ہے اور پاک بھارت تنازع کے شروع ہونے سے پہلے ہی میں نے ان سے رابطہ کیا تھا اور ہمیں لگتا ہے کہ کئی شعبے ہیں جن میں ہم ایک ساتھ کام کر سکتے ہیں اور ہم جانتےہیں بھارت سے متعلق کچھ چیلنجز ہیں، مگر ہمارا مقصد نئےمواقع پیدا کرنا ہے‘۔

انہوں نے پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی کے شعبےمیں ہمارا طویل تعاون رہا ہے اور ہم چاہیں گے کہ پاکستان سے تعاون کو ہم مزید وسعت دیں۔

مارکو روبیو نے بتایا کہ پاک امریکا تعلقات میں جو بہتری آئی ہے وہ حوصلہ افزا بات ہے اورمیں نہیں سمجھتا کہ یہ بہتری بھارت یا کسی اور ملک کے ساتھ تعلقات کے نقصان پر ہوئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید