بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کی گرفتاری کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کو دبئی میں ایک دعوت کے دوران گرفتار کیا گیا۔ دبئی میں ہونے والے اس تقریب کے دوران محکمہ پولیس کے ایکسٹراڈیشن سیل کے ڈی ایس پی پہلے سے موجود تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی خالد وریا 2 اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے دبئی گئے تھے، ڈی ایس پی نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے دبئی پولیس کے ساتھ کارروائی کی۔
بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ بھی اسی فلیٹ میں دعوت پر موجود تھا۔
طیفی بٹ ابھی دبئی پولیس کی حراست میں ہے۔ ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کی ریڈ وارنٹ کے تحت گرفتاری اور پاکستان روانگی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 19 فروری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کردیا تھا۔