وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو شاہی پروٹوکول میں ان کی رہائش گاہ لایا گیا، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا آ کرخوشی ہو رہی ہے، پرتپاک استقبال پر ملائیشیا کے وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، اس دورے سے پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعلقات کو تقویت ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم انورابراہیم کی دعوت پر ملائیشیا کا دورہ کر رہے ہیں، دورے میں وہ ملائیشیا کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوگی۔
دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔