• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینی ریاست کے قیام سے چیزیں درست ہوں گی، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام سے چیزیں درست ہوں گی۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے امید کی کرن نظر آئی ہے، توقع ہے حالات بہتر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ سے متعلق معاملات کی حتمی شکل ایک دو دن میں واضح ہوجائے گی، اہل فلسطین کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ جب فلسطین کی ریاست قائم ہوگی تو یہ چیزیں درست ہوں گی، اقوام عالم کی تاریخ میں فلسطینیوں جتنی قربانیاں کسی نے نہیں دیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جاری احتجاج سے پیغام دیا جارہا ہے کہ آزاد فلسطین کا قیام ضروری ہے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے ایک ایڈونچر کیا تھا اور ذلت اٹھائی، پاکستان نے جنگ کی پہلی قسط میں کامیابی حاصل کی۔ بھارت اگر دوبارہ کوئی ایڈونچر کرے گا تو اسے ذلت کا ہی سامنا کرنا پڑے گا، کسی بھی جگہ اور موقع پر بھارت کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بھارت اگر دوبارہ کچھ کرے گا تو زیادہ رسوا ہو گا، رن آف کچھ پر ہم نے 6 دہائیاں قبل معرکہ جیتا تھا۔

قومی خبریں سے مزید