وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دوران سیلاب ساڑھے 11 لاکھ متاثرین کا علاج بہت بڑا ریکارڈ ہے۔
لاہور میں پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ایسا تباہ کن سیلاب پہلےکبھی نہیں دیکھا گیا۔ اس بار سیلاب سے نارووال، مظفر گڑھ سمیت کئی شہر پورے کے پورے متاثر ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، چاروں صوبے برابر اور محترم ہیں، کسی صوبے پر مشکل آئے تو پنجاب سب کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ جس طرح دوسرے صوبوں کے لیے ہم دل، وسائل کے دروازے کھلے رکھتے ہیں، اسی طرح دوسروں سے توقع رکھتے ہیں۔
کابینہ اجلاس میں بریفنگ کےد وران بتایا گیا کہ پنجاب میں 27 اضلاع کے4678 مواضع اور 2010 ایکڑ پر محیط فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے47 لاکھ 60 ہزار581آبادی متاثر ہوئی، 26 لاکھ 40 ہزار 916 افراد جبکہ 21 لاکھ 17 ہزار 396 مویشی ریسکیو کیے اور 417 ریلیف کیمپ بنائے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سولر پاور کے بجلی نرخ 2 روپے فی یونٹ کم کردیے جبکہ صوبائی کابینہ نے آئینی بل 2025ء مسترد کردیا۔
مریم نواز نے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو بیوٹی پارلرز وغیرہ پر ٹیکس لگانے سے روک دیا جبکہ رینٹ اے کار سروس پر ٹیکس میں 15 فیصد کمی کا حکم دیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کےلیے ایم بی بی ایس فیس 20 ہزار ڈالر مقرر کرنے کی تجویز مسترد کی اور فیس 10 ہزار ڈالر مقرر کی۔
صوبائی کابینہ اجلاس میں دیگر صوبوں کے ایم بی بی ایس کے امیدواروں کےلیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی قرار دیا گیا۔
مریم نواز نے پنجاب میں ہیلتھ اور ایجوکیشن کا کوئی ایجنڈا نہ روکنے اور اسموگ کی آمد سے قبل انتظامات اور پیشگی اقدامات کی ہدایات دیں۔
اجلاس میں غیر سرکاری اداروں کے زیر انتظام فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور بحالی ، راش کارڈ پائلٹ پروجیکٹ کے اجراء اور انٹرسٹ فری الیکٹرک ٹیکسی منصوبوں کی منظوریاں دی گئیں۔
مریم نواز نے وزیراعلیٰ آفس میں سپورٹ اسٹاف کی بھرتی کا ایجنڈا مسترد کیا جبکہ پنجاب بھر میں 8 ہزار 84 کالج ٹیچنگ انٹرنز اور اسکول ٹیچنگ انٹرن بھرتی کرنے کی منظوری دی ۔
اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹرز اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں 77 اسامیوں کی بھرتی پر عائد پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں 379 اضافی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ، 872 سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کی نئی اسامیوں کی اصولی منظوری دی گئی ۔
اجلاس میں ماحولیاتی قوانین کے نفاذ ، فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے 10 حساس اضلاع میں 444 اسامیوں اور کھیلتا پنجاب کے ایتھلیٹس کےلیے ای بائیکس کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔