وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات پر پیپلز پارٹی نے سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی اجلاس سے بھی واک آؤٹ کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے فرینڈلی فائر کا خیر مقدم کرتے ہیں، پیپلز پارٹی عدم اعتماد لے آئے ساتھ دیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی پی کے رکن اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ہم پنجابی ہیں لیکن سب سے پہلے پاکستانی ہیں، میں اس تنازع کو انتہا تک نہیں لے جانا چاہتا کسی کا نام نہیں لوں گا، بلاول نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعریف کی، ایسا نہ ہو کہ یہاں صوبائیت کی بدبو پھر پھیل جائے۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ہم وفاق کو کمزور کرنے والے نہیں پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والے لوگ ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کہیں بھی کوئی چنگاری نہ اٹھے، ہم خیر، عزت و احترام کی بات کرتے ہیں، جو کہا گیا وہ یہاں دہرا نہیں سکتا لیکن اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ جب تک پنجاب کی طرف سے مطمئن نہیں کیا جاتا کارروائی میں حصہ لینا ممکن نہیں، پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کی سیکیورٹی لے لی گئی ہے۔