• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پندرہ برس قبل، سوشل میڈیا کے بے ہنگم اور بے سمت ہیجان سے جنم لینے والی ’بہارِ عرب ‘ تیونس، مصر، لیبیا، یمن اور شام کو تازہ دم خزاؤں کی نذرکرتی ، ریگزارِ عرب کا لقمہ ہوگئی۔ کوئی بارہ چودہ برس بعد، سیاسی تحرّک کی ایک موجِ تُند خو نے جنوبی ایشیا کے تین ممالک، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کو ہلا ڈالا۔ سات دہائیوں سے مختلف النّوع مسائل کا شکار سری لنکا، مسلسل معاشی بحران کی گہری دلدل میں دھنستا ہی چلا گیا۔ 1983ءسے 2009ءتک جاری رہنے والی چھبیس سالہ سول وار نے اِسکی کمر توڑ کر رکھ دی۔ سنبھلنے نہ پایا تھا کہ کرونا نے آلیا۔ معیشت مزید ناتواں ہوگئی یہاں تک کہ جب اُسے اپریل 2022ء میں کم وبیش چار ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنا تھیں، اُس کی زرّمبادلہ کی تجوری میں دو ارب ڈالر بھی نہ تھے۔ اُس نے رسمی طورپر دیوالیہ (Default) ہونے کا اعلان کردیا۔ اس کیساتھ ہی عوام کیلئے روزمرہ زندگی کے ایک ایسے عذاب ناک جہنم کے دروازے کھل گئے جس کی تفصیل لرزا کے رکھ دیتی ہے۔ نہ بجلی، نہ پانی ، نہ ادویات، نہ اشیائے خوردونوش، نہ نقل وحمل، نہ پٹرول، نہ روزگار، احتجاج کی شدید لہر کا رُخ صدر گوٹابایا کی طرف مڑا۔ وہ سنگاپور فرار ہوگیا۔ سری لنکا کا کمال یہ ہے کہ سول وار ہو یا کچھ اور، اُس نے کبھی انتخابی عمل میں خلل نہ پڑنے دیا۔ پارلیمنٹ قائم رہی اور سول حکومت (جیسی بھی تھی) ہر بحران کا سامنا کرتی رہی۔ دوسرا قابلِ ذکر پہلو یہ ہے کہ سری لنکن فوج نے، سول وار اور چھوٹے بڑے سیاسی بحرانوں کے باوجود کبھی اقتدار پر قبضہ نہ کیا۔ نومبر 2024ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد’ نیشنل پیپلز پاور‘ (NPP) کی راہنما، ’ہرینی امرسوریہ‘ وزارت عظمی پر فائز ہیں۔ سری لنکا مارچ 2023ء میں، آئی ایم ایف سے تین ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکیج حاصل کرچکا ہے۔ سنبھلنے کا عمل جاری ہے۔

بنگلہ دیش کی کہانی کا خلاصہ حسینہ واجد کی پندرہ برس پر محیط ظالمانہ، منتقمانہ اور فرعونانہ حکمرانی ہے جس نے سیاسی مخالفین کو پھانسیوں سے لے کر طویل قیدوبند کی اذیتوں سے گزارا۔ برسراقتدار آتے ہی اُس نے ’’1971ءکی جنگِ آزادی‘‘ میں کردار ادا کرنیوالے خاندانوں اور اُنکے بچوں کیلئے سرکاری ملازمتوں میں 30فیصد کا بھاری کوٹہ مقرر کردیا۔ اُس کیخلاف احتجاج ہوتے رہے۔ 2018ء میں اس کوٹے کو جزوی طورپر محدود کیاگیا لیکن جولائی 2024ءمیں ہائی کورٹ نے 30فی صد کوٹہ مکمل طورپر بحال کردیا۔ اس پر بے روزگاری سے اُکتائے نوجوانوں بالخصوص طلبا نے شُعلہ بار احتجاجی تحریک اٹھائی جسکے اہداف کا دائرہ وسیع ہوتا چلاگیا۔ مجیب الرحمن کی بیٹی نے تمام تر حربے آزمائے۔ صرف ایک ماہ میں ڈیڑھ ہزار افراد ہلاک ہوگئے۔ حسینہ واجد نے 5اگست 2024ءکو استعفیٰ دیا اور بھارت جا بیٹھی۔ فوج نے معاملات کو سنبھالا دیتے ہوئے طلبہ تحریک سے مشاورت کے بعد ایک طریقِ کار وضع کیا۔ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے 8اگست کو ’چیف ایڈوائزر‘ کے ٹائٹل سے عبوری حکومت کی سربراہی سنبھال لی۔ ڈاکٹر یونس نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ 2026ءمیں، رمضان سے قبل، انتخابات کی منصوبہ بندی کرے۔

نیپال کا سرکاری نام تو ’وفاقی جمہوریہ نیپال‘ ہے لیکن اُس کی پوری تاریخ سیاسی کشمکش، آتی جاتی حکومتوں، شاہوں اور سیاستدانوں کی کشمکش اور اقتصادی ابتری سے عبارت رہی ہے۔ حالات سے تنگ عوام کے ایک طبقے نے اوائل ستمبر 2024ءمیں کٹھمنڈو کی سڑکوں پر جلوس نکالے، نعرے لگائے کہ ’ ’ہمیں بادشاہ واپس چاہئے۔‘‘ سوشل میڈیا کے بے مہار پن اور نت نئے بحرانوں سے تنگ حکومت نے یکایک سوشل میڈیا کی چھبیس اہم اور مقبول ایپس (یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بُک، وٹس ایپ، ایکس وغیرہ) پر پابندی لگا دی۔ یکایک مے نوشوں کا نشہ ٹوٹا تو آپے سے باہر ہوگئے۔ اُنہیں’ انقلاب چنبیلی‘، یا ’بہارعرب‘ جیسا کوئی خوبصورت نام تو نہ ملا، اپنی تحریک کو ’جین زی‘ کا پُرشباب نام دیا اورحکومت پرچڑھ دوڑے۔ تنصیبات پر حملہ آور ہوئے۔ وزرا کو گھسیٹا۔ ایک کومار بھی ڈالا۔ دیکھتے دیکھتے دو درجن افراد کی جانیں گئیں۔ فوج طلب ہوئی، کرفیو لگے۔ شکستِ نشہ سے بے قابو ہوجانے والی ’جین زی‘ کا دباؤ بڑھتا گیا۔ وزیراعظم کے پی شرما نے استعفیٰ دیدیا۔ فوج نے بندوبست کو سمیٹنے میں کردار ادا کیا۔ سابق چیف جسٹس سوشیلا کماری کو عبوری وزیراعظم بنا دیاگیا ۔ پارلیمنٹ توڑ دی گئی ہے۔ مارچ 2026ء میں نئے انتخابات ہو رہے ہیں۔ جنوبی ایشیاکے تینوں ممالک میں اس وقت سکُون ہے۔ سری لنکا مضبوط انتخابی اور پارلیمانی نظم کی بدولت سنبھل چکا ہے۔ نیپال اور بنگلہ دیش، نئے انتخابات کے منتظر ہیں ۔ بحرہند اور خلیج بنگال کی بے چین لہروں کو قرار سا آتا جا رہا ہے۔ اسے محض اتفاق ہی کہا جاسکتا ہے کہ اپریل 2022ءمیں عمران خان کے خلاف کامیاب تحریکِ عدم اعتماد اور سری لنکا کے دیوالیہ ہونے کے واقعات لگ بھگ ایک ساتھ رونما ہوئے۔ سو محرومی و مایوسی کے زخم خوردہ عمران کیلئے، سری لنکا کا دیوالیہ ہوکر شدید سیاسی واقتصادی بحران سے دوچار ہونا اور عوام کا سیاستدانوں پر چڑھ دوڑنا، ایک بڑا ہی دل خوش کن منظر بن گیا۔ انہیں اس سے چنبیلی کی خوشبو آنے لگی۔ اب ہدف یہ ٹھہرا کہ اگر مجھے پاکستان کو سری لنکا بنا کر اپنے مقاصد حاصل کرنے ہیں تو اسے کسی نہ کسی طورپر دیوالیہ پن (Default) کی کھائی میں پھینکنا ہوگا۔ اس کا واحد طریقہ یہ ہے کہ پاکستان کے زرِمبادلہ کی تجوری خالی ہوجائے اور وہ ضروری بیرونی ادائیگیاں نہ کرسکے۔ اس کیلئے دو نکاتی فارمولا وضع ہوا۔ پہلا یہ کہ آئی ایم ایف پر شدید دباؤ ڈالا جائے کہ وہ پاکستان کو قرض نہ دے۔ اس مقصد کیلئے خطوط نویسی، بیرونی سرپرستوں کے ذریعے ہمہ پہلو دباؤ، پاکستان کی صورتحال کے بارے میں شدید پراپیگنڈے، بیان فروش ارکان پارلیمنٹ کے بیانات حتی کہ آئی ایم ایف ہیڈکوارٹر کے سامنے فتنہ پرور مظاہروں کے حربے استعمال کئے گئے۔ تجوری خالی کرنے کی حکمتِ عملی کا دوسرا اہم نکتہ سمندر پار پاکستانیوں سے اپیل کرنا تھا کہ وہ اپنی رقوم پاکستان نہ بھیجیں۔ پاکستان کے ماتھے پر ’’دیوالیہ پن‘‘ کی کالک تھوپ کر اپنے ذاتی وسیاسی اہداف حاصل کرنے اور عوام کو ناقابلِ تصوّر مسائل سے دوچار کر دینے کا یہ منصوبہ ناکام ہوگیا۔ستمبر2024ءمیں آئی ایم ایف نے پاکستان کیساتھ سات ارب ڈالر کا تین سالہ پروگرام طے کرلیا۔سمندر پار پاکستانیوں کی تر سیلاتِ زر بڑھتی ہی چلی گئیں۔ عمران خان کا حیا باختہ سوشل میڈیا، اُنکے کسی کام نہ آیا۔ اسکے باوجود ، عمران خان کے دِل میں سری لنکا، نیپال اور بنگلہ دیش، خو ابِ خوش رنگ کی طرح مہکتے رہتے ہیں۔

حاصلِ کلام یہ ہے کہ ایک پائیدار، مستحکم اور باثمر انقلاب ، سوشل میڈیا کے طفلانِ کوچہ وبازار کے بس کی بات نہیں۔ یہ عمل پِتّہ ماری، ریاضت اور وقت مانگتا ہے۔ ایک پودے کو تناور درخت بننے کیلئے برسوں درکار ہیں جبکہ ایک برقی آرا اُسے چند لمحوں میں پارہ پارہ کرسکتا ہے۔ انقلابات اور معتبر تبدیلیاں، سیاسی ہوں یا تہذیبی، ثقافتی ہوں یا نظریاتی، عُمرانی ہوں یا سماجی، فکری ہوں یا اخلاقی، صبرآزما تدریجی عمل کا تقاضا کرتی ہیں۔ زندگی ایک ایک سانس کیساتھ نمُو پاتی اور پروان چڑھتی ہے۔ موت کو صرف ایک ہچکی چاہئے ۔صدیوں پرانا قولِ دانش اب ایک اصول اور کلیہ بن گیا ہے کہ ’’روم ایک دِن میں نہیں بنا تھا‘‘ (Rome was not built in a day)۔ فانی بدایونی نے کہا تھا۔

دِل کا اُجڑنا سہل سہی، بَسنا سہل نہیں ظالم

بستی بَسنا کھیل نہیں، بَستے بَستے بَستی ہے

تازہ ترین