معروف تھیٹر، ٹی وی اور فلم اداکار نسیم وکی نے اسٹیج ڈانسرز کی دردناک حقیقت بےنقاب کردی۔
انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اسٹیج ڈانسرز کی زندگیوں کی اصل حقیقت بیان کرتے ہوئے کئی چونکا دینے والے انکشافات کیے۔
تین دہائیوں سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ نسیم وکی نے کہا کہ لوگ صرف اسٹیج پر دکھائی دینے والی فحاشی کو دیکھتے ہیں، مگر ان فنکاروں کے پیچھے چھپی مجبوریوں اور دکھوں سے بےخبر رہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر اسٹیج ڈانسرز اور ان کے پسِ منظر میں کام کرنے والے نوجوان لڑکے انتہائی پسماندہ اور غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں، کئی افراد اپنے بیمار والدین، کینسر جیسے امراض کے شکار گھر والوں یا بڑے خاندان کا خرچ اٹھانے کے لیے مجبوراً یہ کام کرتے ہیں۔
نسیم وکی کے مطابق لوگ نہیں جانتے کہ ان لڑکیوں کے حالات کیا ہیں، آخر ایک لڑکی کیوں اس طرح اسٹیج پر رقص کرے گی، اگر اس کے پیچھے کوئی بڑی مجبوری نہ ہو؟
اداکار نے واضح کیا کہ میں فحاشی کا دفاع نہیں کر رہا، مگر میں سمجھتا ہوں کہ انتہائی غربت اور مجبوری ہی فنکاروں کو ان راستوں پر لے جاتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میری اہلیہ خود ایک اسٹیج آرٹسٹ تھیں، لیکن شادی کے بعد میں نے انہیں یہ پیشہ چھوڑنے کو کہا، میں نے اپنی بیوی سے کہا کہ شادی کے بعد تمہیں یہ فیلڈ چھوڑنی ہوگی اور اس کے بعد ہم نے بہت اچھی زندگی گزاری۔
نسیم وکی نے مزید بتایا کہ میں نے کبھی کسی خاتون فنکارہ کو بطور نیا چہرہ متعارف نہیں کروایا، کیونکہ میں جانتا ہوں کہ اس شعبے میں خواتین کو کس طرح کے حالات اور استحصال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ خواتین کو کسی بہتر اور باعزت پیشے کی طرف رہنمائی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔