• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ان کی صحت بحال ہو رہی ہے،‘ ہیما مالنی کی دھرمیندر کے انتقال کی تردید

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بالی وُوڈ کے معروف اداکار دھرمیندر کی صحت سے متعلق بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں پر اِن کی اہلیہ اداکارہ ہیما مالنی نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

ہیما مالنی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے تازہ پیغام میں لکھا ہے کہ دھرمیندر کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے اور وہ علاج پر مثبت ردِ عمل دے رہے ہیں، بعض میڈیا ادارے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور غلط خبریں پھیلا کر خاندان کی تکلیف میں اضافہ کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’یہ ناقابلِ معافی ہے کہ کچھ چینلز ایسے شخص کے بارے میں غلط خبریں پھیلا رہے ہیں جو صحت یاب ہو رہا ہے، براہِ کرم خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔‘

دوسری جانب ہیما مالنی اور دھرمیندر کی بیٹی، ایشا دیول نے بھی انسٹاگرام پر بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اِن کے والد بالکل مستحکم حالت میں ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں اور اِن کے والد کی جَلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ہیما مالنی نے ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ دھرمیندر کو سانس لینے میں دشواری کے بعد ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے  جہاں وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔

دھرمیندر کے بیٹے، اداکار سنی دیول نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اِن کے والد ’مستحکم اور زیرِ علاج ہیں،‘ عوام سے افواہوں سے گریز کرنے کی اپیل ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت وینٹی لیٹر سپورٹ پر ہیں اور اِن کی حالت قابو میں ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر مسلسل اِن کی صحت کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید