بالی ووڈ کے مشہور فلم ساز اور شو ہوسٹ کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اب تک بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کو اپنے مقبول شو کافی ود کرن میں مدعو کیوں نہیں کیا۔
حالیہ دنوں ایک بات چیت کے دوران جب کرن جوہر سے پوچھا گیا کہ ایسا کون سا مشہور شخص ہے جو اب تک ان کے شو میں نہیں آیا؟ تو کرن جوہر نے کچھ لمحے سوچنے کے بعد اعتراف کیا کہ ویرات کوہلی ان کے شو میں کبھی نہیں آئے اور اس کی وجہ خود وہ ہیں۔
کرن جوہر نے کہا، ’میں نے ویرات کو کبھی دعوت ہی نہیں دی اور اب تو میں کسی کرکٹر کو بلانے کا سوچ بھی نہیں رہا، خاص طور پر اس واقعے کے بعد جو ہاردیک پانڈیا اور کے ایل راہول کے ساتھ ہوا تھا۔‘
کرن جوہر نے مزید کہا کہ کئی مشہور شخصیات کے بارے میں مجھے لگا کہ وہ شو پر نہیں آئیں گی، اس لیے میں نے دعوت دینے کی زحمت نہیں کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویرات کوہلی کبھی کافی ود کرن کا حصہ نہیں بنے، مگر ان کی اہلیہ انوشکا شرما متعدد بار اس شو میں شرکت کر چکی ہیں۔
یاد رہے کہ 2019 میں ہاردیک پانڈیا اور کے ایل راہول کافی ود کرن میں شریک ہوئے تھے، جہاں ان کے متنازع اور خواتین سے متعلق نامناسب بیانات پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا، بعدازاں وہ قسط سوشل میڈیا سے ہٹا دی گئی تھی اور دونوں کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل معطل بھی کردیا گیا تھا۔