وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہتی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں طارق فضل چوہدری، پیپلز پارٹی کے ندیم افضل چن اور پی ٹی آئی کے شفقت عباس اعوان نے شرکت کی۔
اس دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ملک کے بہتر مفاد میں یہ اتحاد قائم رہے گا، دونوں جماعتوں کی سینئر قیادت میں تعلق ہے کوئی دوری نہیں۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ کسی کو شک ہے کہ وہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں دوری پیدا کرسکتا ہے تو وہ یہ شک دور کرلے، سیاسی جماعتوں کے درمیان ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے سیاسی ساکھ متاثر کرکے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کی اپنی جیل کی تعمیر شہباز شریف کے دور میں شروع ہوئی تھی، یہ جیل مکمل ہوگی تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے سزا یافتہ تمام قیدی منتقل ہوں گے۔