میں نے یورپ میں بھی یہ بہت شدت کے ساتھ محسوس کیا تھا اور امریکہ میں تو اس کی شدت اور بھی زیادہ تھی کہ یہ تصور پنپتا چلا جا رہا ہے کہ پاکستان میں بہت برق رفتاری سے مذہبی آزادیاں معدوم ہوتی چلی جا رہی ہیں۔ مذہبی آزادی تو دور کی بات اس حوالے سے گھٹن کا احساس توانا ہورہا ہے اور پاکستان کے انتہا پسند طبقات کو قانون کا پابند کرنے کی ریاستی رٹ کی خواہش کا فقدان نظر آرہا ہے۔ اور یہ معاملہ صرف کسی مخصوص مذہبی اقلیت ( خیال رہے کہ میں مذہبی اقلیت کا لفظ صرف بات سمجھانے کیلئے استعمال کر رہا ہوں ورنہ اقلیت، اکثریت کے الفاظ سے ہی تعصب کی بو آتی ہے جو غیر مناسب ہے ) تک محدود نہیں بلکہ مسلمان بذات خود اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ میں اس کا بھی بہت ذکر کیا جا رہا ہے کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی کابینہ میں کوئی مسیحی وزیر نہیں ہے حالانکہ ماضی میں اس کا التزام رکھا جاتا تھا کہ ایک بڑی آبادی ہونے کی وجہ سے ان دونوں حکومتوں میں مسیحی وزیر ضرور ہوا کرتے تھے ۔ پاکستان کا حقیقی معنوں میں تشخص بحال کرنے کیلئے بہت ضروری ہے کہ غیر مسلم پاکستانیوں کی ہر جگہ پر موجودگی کو یقینی بنایا جائے تا کہ مذہبی گھٹن کے تصور کو معدوم کیا جا سکے ۔ امریکہ میں اب کم از کم اس بات کا احساس دکھائی دے رہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی مخلصانہ کوششوں کے باوجود انڈیا نے ہمیشہ معاملات کو ناقابل حل ہی رہنے دینے کی کوشش کی ہے ۔ میں نے اس نکتہ پر پنڈت نہرو کے 1946 سے 1959 تک سیکرٹری رہنے والے ایم او متھائی کی کتاب ’’نہرو دور کی یادیں‘‘ کا تذکرہ کیا کہ جس میں ایم او متھائی نے تحریر کیا ہے کہ پنڈت نہرو جب کسی معاملے پر فیصلہ نہیں چاہتے تھے تو سورن سنگھ کو آگے کر دیتے تھے ۔ بس بھٹو سورن سنگھ مذاکرات کی ناکامی کی وجہ سامنے ہے اور یہ اس وقت سے ہی انڈیا کی حکمت عملی ہے ۔
تاہم امریکی یہ دوبارہ سے چاہتے ہیں کہ پاکستان آگے بڑھ کر انڈیا سے مذاکرات کی کوشش کرے کیوں کہ ان کا خیال ہے کہ پاکستان ماضی میں ایسا کرتا رہا ہے اور حتیٰ کہ جب انڈیا کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تو اس کے بعد بھی نواز شریف نے ایک بالغ نظر سیاست دان ہونے کا ثبوت فراہم کیا اور انڈین وزیر اعظم واجپائی کو کھلے دل سے لاہور آنے کی دعوت دی اور اس حوالے سے ایک اجتماعی سوچ موجودہے کہ نواز شریف اب بھی قیام امن کیلئے بہت موثر کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اس پر بھی ایک اتفاق رائے نظر آتا ہے کہ مودی کی موجودگی میں پاک انڈیا تعلقات کی بہتری کی جو موہوم سی امید باقی تھی وہ بھی مئی کے انڈین پاگل پن اور اس کے پاکستان کے حق میں نتائج کی وجہ سے ختم ہو چکی ہے اس لئے اب مودی انڈیا کے لئے ایک اثاثہ نہیں بلکہ بوجھ بن چکے ہیں اور میرا خیال ہے کہ صرف انڈیا کیلئے ہی نہیں بلکہ پورے جنوبی ایشیا اور خطے کیلئے بوجھ بن گئے ہیں ۔
پاک امریکہ تعلقات کی بہتری کو قائم رکھنے کیلئے امریکہ میں یہ خیال ہے کہ اس کو صرف صدر ٹرمپ کی ذات تک محدود ہو کر مت دیکھا جائے بلکہ پاکستان کے تعلقات دونوں بڑی امریکی سیاسی جماعتوں کے با اثر افراد سے ہونےچاہئیں تا کہ امریکہ میں کسی سیاسی تبدیلی کے اثرات پاکستان سے تعلقات کو متاثر نہ کر سکیں ۔ امریکہ میں اس وقت بھی ایسے افراد بہت مؤثر ہیں جو چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات جو بائیڈن دور کی مانند ہو جائیں اور تنہا انڈیا ہی آنکھ کا تارہ بن جائے ۔ وہاں پر خیال ہے کہ پاکستان دونوں بڑی امریکی جماعتوں سے تعلقات کے شعبے میں کمزور ہے اور اس کمزوری کو رفع نہ کیا گیا تو ایسی صورت میں مستقبل میں مسائل ضرور پیدا ہونگے ۔ پھر پاکستان میں ہر حوالے سے ایک خوف کی فضا اور سازشی تھیوری بھی پیش کردی جاتی ہے کہ اگر امریکہ پاکستان میں کسی بندر گاہ پر کام کرتا ہے جیسے کہ پسنی وغیرہ تو وہ اس کو اپنا فوجی اڈہ بنا لیگا ۔ اب ہمیں ان تصورات سے باہر آنا چاہئے اور سرمایہ کاری کو سازشی تھیوریز سے محفوظ رکھنا چاہئے ۔پاکستان اب نہ تو اتنا کمزور ملک ہے کہ بات سرمایہ کاری کی ہو اور قائم فوجی اڈہ ہو جائے اور نہ ہی پاکستان کی موجودہ قیادت ایسی ہے کہ وہ ایسا ہونے دے ۔ اس حوالے سے اطمینان ہی رکھنا چاہئے ۔ ہمیں صرف امریکہ کی سیاسی حرکیات پر اپنی توجہ مبذول رکھنی چاہئے کیوں کہ وہاں پر تبدیلی بہت تیزی سے محسوس کی جا رہی ہے۔ کہنے میں تو یہ عجیب لگتا ہے مگر امریکی انٹیلی جنشیا میں یہ تصور بہت تیزی سے راسخ ہوتا جا رہا ہے کہ امریکہ میں جمہوریت بتدریج کمزور ہورہی ہے ۔ امریکہ کے مختلف شہروں میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی کو اسی رخ سے دیکھا جا رہا ہے کہ یہ ادارہ آنے والے وسط مدتی امریکی انتخابات میں مداخلت کرے گا بلکہ ممکن ہے کہ رائے دہندگان کو ڈرانے دھمکانے تک کا کام اس سے لیا جائے ۔ یہ امریکی ریاست میں ایک نئی صورت حال ہے اور اس صورت حال کے اثرات کا خارجہ امور پر مرتب ہونا ایک امر لازم ہے، جس کیلئے پاکستان کو تیار رہنا چاہئے ۔