بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک شخص نے فیس بک لائیو کے دوران خودکشی کی کوشش کی جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک کے رہائشی ایک نوجوان نے اپنی لائیو ویڈیو میں بیوی اور اِس کے رشتے داروں پر ذہنی اذیت دینے اور مالی دباؤ ڈالنے کے سنگین الزامات عائد کیے۔
پولیس کے مطابق نوجوان کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی، شادی کے ابتدائی دو سال خوشگوار گزرے تاہم اس کے بیرونِ ملک جانے کے بعد رشتے میں دراڑیں آنا شروع ہو گئیں۔
نوجوان کے مطابق اس کی بیوی نے اِس کے گھر سے اپنے میکے منتقل ہو کر بچوں کو بھی اِس سے دور کر دیا، فیس بک لائیو ویڈیو میں نوجوان نے الزام لگایا کہ اس کی بیوی اور اِس کے با اثر رشتے داروں نے اسے ذہنی اذیت دی ہے، نوجوان نے لائیو ویڈیو کے دوران اہلیہ کے ناجائز تعلقات کا بھی دعویٰ کیا۔
اسی دوران نوجوان نے خودکشی کی کوشش بھی کی جس کے بعد اِسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔
دوسری جانب خاتون نے تمام الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ اِس سے پہلے بھی اس کا شوہر صابن کا پانی پی کر خود کشی کا ڈرامہ کر چکا ہے۔
خاتون کے مطابق شوہر نے میرے دفتر میں آ کر مجھ پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی بھی دی تھی، میں نے شوہر کی ان حرکات کے خلاف پہلے ہی شکایت درج کروا رکھی ہے۔