بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں ایک خوفناک لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر بس دب گئی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ ضلع بیلاس پور کے قریب ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جہاں شدید بارشوں کے بعد اچانک پہاڑ سے مٹی اور پتھروں کا بڑا حصہ کھسک کر نیچے آگیا، اسی دوران مسافر بس اس مقام سے گزر رہی تھی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ تین زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی کی گئی۔
ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ سکھووندر سنگھ سکھو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مزید لاپتہ مسافروں کی تلاش کے لیے ریسکیو اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق بس مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے مٹی اور پتھروں کو ہٹا رہی ہیں۔