وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ وہ وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔ اب اگر انہیں بانی پی ٹی آئی بھی کہیں گے تو وہ اپنا فیصلہ واپس نہیں لیں گے۔ وہ اب عام پارٹی ورکر کے طورپر کام کریں گے۔
پشاور میں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی صدارت میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ کے لیے نامزد امیدوار سہیل آفریدی کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پارٹی اتحاد، نظم و ضبط، قیادت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی ہمیشہ کی طرح متحد ہے، سب نے بانیٔ پی ٹی آئی کے فیصلے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے چکا ہوں، اب اگر بانیٔ پی ٹی آئی بھی کہیں گے تو اپنا فیصلہ واپس نہیں لوں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے پہلے بھی چیلنج کیا تھا کہ یہ ہماری حکومت گرا نہیں سکتے، حکومت نے جو چکر بنا رہی ہے، اس کے حوالے سے لائحہ عمل بنا لیا ہے، ان کو سازش میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
اجلاس کے بعد علی امین گنڈاپور اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔