لاہور میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں فوری طور پر چھٹی دے دی گئی.
سی ای او ایجوکیشن لاہور کے مطابق اسکولوں کی جانب سے والدین کو آگاہ کیا جارہا ہے، راستوں کی بندش کی وجہ سے چھٹی دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی کے آج ہونے والے ایل ایل بی کے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔
ترجمان جامعہ کے مطابق ملتوی شدہ ایل ایل بی کے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن میں ایس ڈی او پیرا کے پیپرز بھی ملتوی کردیے گئے ہیں، ایس ڈی او پیرا کے پیپر 11 اور 12 اکتوبر کو لاہور سمیت مختلف شہروں میں شیڈول تھے۔
ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق امتحانات کی منسوخی کا فیصلہ چیئرمین پی پی ایس سی کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اس سے قبل راولپنڈی کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی بھی دے دی گئی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں مذہبی تنظیم کے احتجاج کے اعلان کے پیشِ نظر سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے۔
مذہبی جماعت نے اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
موبائل ڈیٹا سروس بھی متاثر ہونے کے سبب شہریوں کو انٹرنیٹ کے استعمال میں مسائل کا سامنا ہے۔