• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذہبی جماعت کے پُرتشدد احتجاج میں پولیس پر تشدد ہوا، مریض اسپتال نہیں جا سکتے



حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ کے معاملے پر مذہبی جماعت کے پُرتشدد احتجاج میں سرکاری املاک اور پولیس کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی ہے اور پولیس اہل کاروں پر تشدد کیا گیا۔

احتجاج کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں راستے بند ہیں، سڑکوں پر ایمبولینسیں پھنس گئیں، مریضوں کے گھر والے راستہ مانگتے رہے، ایک بچے کی والدہ رو رو کر دہائی دیتی رہی، لیکن اسپتالوں تک رسائی ناممکن ہوگئی، حالت خراب ہونے پر ایک اور ضعیف مریض کو ایمبولینس میں ہی ڈرپ لگائی گئی۔ تعلیمی اداروں کی بندش سے طلبہ پریشان ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کا کہنا ہے کہ لاہور میں مذہبی جماعت نے کئی پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنالیا۔ 112 پولیس اہل کار پُرتشدد جتھے کے ہاتھوں زخمی ہوئے۔ 100 شرپسند گرفتار ہیں۔ 

محمد فیصل کامران کا مزید کہنا ہے کہ مذہبی جماعت سے بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے۔ 

ترجمان ٹی ایل پی کا کہنا ہے کہ لاہور میں ان کے کئی کارکن ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

انجمن تاجران کا راستے کھولنے کا مطالبہ

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی کے راستے کھولے جائیں، 60 گھنٹے سے جڑواں شہروں میں سامان کی ترسیل رکی ہوئی ہے، جس سے ضروری اشیا کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

 شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک معاشی استحکام کی طرف جانے لگتا ہے تو فسادی ٹولا متحرک ہوجاتا ہے۔ یہ احتجاج سراسر "فساد فی الارض" ہے۔

خیال رہے کہ مذہبی جماعت نے گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد کی طرف غزہ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ غزہ مارچ کے شرکا اور پولیس کے درمیان جھگڑے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔

لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس تیسرے روز بھی بند ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اُدھر مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں راستے بند ہیں اور مری روڈ پر ایمبولینس پھنس گئی، مریض اور ان کے گھر والے پریشان ہیں، حالت خراب ہونے پر ایک ضعیف مریض کو ایمبولینس میں ہی ڈرپ لگائی گئی۔

کنٹینر کھڑے ہونے سے موٹر سائیکلوں کے گزرنے کے راستے بھی بند ہیں جس کے باعث شہریوں اور پولیس اہل کاروں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

قومی خبریں سے مزید