• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت خطے میں بدامنی پھیلانے کیلئے افغان سرزمین استعمال کررہا ہے: شیری رحمٰن

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے افغان سرزمین کو استعمال کر رہا ہے، بھارتی پشت پناہی سے خارجیوں کی فائرنگ کا عالمی برادری کو بھی نوٹس لینا چاہیے۔

شیری رحمٰن نے افغانستان کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک سر زمین کے خلاف کسی طرز کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے، میں اپنی سیکیورٹی فورسز کو دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے پاک فوج کی حکمت عملی قابل ستائش ہے، پاک فوج نے افغان چیک پوسٹس تباہ کر کے خارجی دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا، پاکستان کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ قوم اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے، ہماری سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوان قوم کا فخر ہیں، ان جوانوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سرزمین پر امن و سلامتی کی خاطر ہر محاذ پر مضبوطی سے کھڑے رہنا ہے، قوم متحد ہے، کسی بھی دہشت گرد حملے یا سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے دہشتگردی سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، پاکستان کسی ملک کے خلاف نہیں لیکن اپنے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور افواج نے ہر بار دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، پاکستانی عوام اور افواج اب بھی ایک آواز ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

قومی خبریں سے مزید