مشیر وزیراعظم اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو استحکام پاکستان کے لیے ساتھ دینے کی دعوت دے دی۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کو داخلی استحکام کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے، مسلح افواج کے بہادر افسران اور جوان پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، موجودہ حالات میں ملکی سیاسی قیادت کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کی دعوت دی ہے، اپوزیشن جماعتوں کو ایک بار پھر دعوت دیتے ہیں، استحکام پاکستان کے لیے ہمارا ساتھ دیں، مذہبی جماعت کے قائدین سے پاکستان اور مسلح افواج کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت اور سالمیت مقدم ہونی چاہیے، جب پاکستان کی بات ہو تو سب کچھ بالائے طاق رکھ کر متحد ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کو اس موقع پر اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، اگر آج پی ٹی آئی یہ بیانیہ بناتی ہے تو اس سے آگے ان کے لیے بھی کوئی راستہ نکلے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چھپے ہوئے دشمن کو آج ہم نے منہ توڑ جواب دیا ہے، پاک فوج نے مؤثر انداز میں جارحیت کا جواب دیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بہادر مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا، دشمن کی متعدد پناہ گاہوں کو نیست و نابود کردیا، پاک فوج نے ایک بار پھر ملکی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنایا، مسلح افواج کی قربانیوں سے قومی وقار اور عزت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعت کے احتجاج پر سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا، مارچ کو ختم کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے، غزہ میں سفارتی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے غزہ پر بھرپور مؤقف اپنایا۔