اٹلی کے شہر وینس میں ایک پولش سیاح اُس وقت نہر میں جا گری جب وہ گوگل میپ پر اندھا دھند انحصار کرتے ہوئے راستہ تلاش کر رہی تھی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وکٹوریا گوزینڈا نامی سیاح کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ فون میں مصروف سیڑھیاں اترتی ہیں اور اچانک پھسل کر پانی میں گر جاتی ہیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں خاتون نے لکھا: "جب گوگل میپ کہے ’سیدھا جاؤ‘ لیکن آپ وینس میں ہیں!"
واقعے میں خاتون سیاح کے پیر پر معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں وہ بعد میں خود پٹی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ نے طنز کرتے ہوئے کہا، اگر پانی کے اندر جا رہی تھیں تو کیا توقع تھی، جبکہ دیگر نے مشورہ دیا کہ "کبھی کبھی فون کی بجائے اردگرد دیکھ لینا بہتر ہوتا ہے۔
سیاحت کے ماہرین کے مطابق وینس میں گوگل میپ اکثر غلط رہنمائی کرتا ہے کیونکہ وہاں گلیوں اور پتوں کا نظام پیچیدہ ہے اور کئی راستے اچانک پانی پر ختم ہو جاتے ہیں۔
اسی لیے مقامی ماہرین سیاحوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ کاغذی نقشے یا مقامی رہنما استعمال کریں، نہ کہ صرف ڈیجیٹل ایپس پر بھروسہ کریں۔