ترجمان دفتر خارجہ نے افغان حکومت کے ترجمان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ پاکستان نے طالبان حکومت کے پاکستان کے داخلی معاملات سے متعلق بیانات کا نوٹس لیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغان ترجمان پر زور دیتے ہیں کہ وہ افغانستان سے متعلق امور پر توجہ مرکوز کریں، افغان ترجمان ایسے معاملات پر تبصرہ نہ کریں جو ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ملک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کا اصول عالمی سفارتی ضوابط کے مطابق اختیار کیا جانا چاہیے، پاکستان کو اپنے داخلی امور پر کسی بیرونی مشورے کی ضرورت نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ توقع ہے طالبان حکومت دوحہ میں عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں پر عمل کرے گی، طالبان حکومت اپنی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے۔
انھوں نے کہا کہ طالبان حکومت بے بنیاد پروپیگنڈا کے بجائے جامع اور حقیقی نمائندہ حکومت کے قیام پر توجہ دے۔