• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جتھوں سے بلیک میلنگ اب برداشت نہیں کی جائے گی، طلال چوہدری

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جتھوں سے بلیک میلنگ اب برداشت نہیں کی جائے گی۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ جنہوں نے جرم کیا اور جرم کرایا، ان سب کو بھگتنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں انہوں نے 2 مرتبہ ایسے مارچ کی کوشش کی، پہلی بار ان کے مارچ کی ٹائمنگ پاک، بھارت جنگ کی تھی، دوسری بار سیلاب اور پاک افغان جنگ کے دوران مارچ نکالا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جتھوں سے بلیک میلنگ اب برداشت نہیں کی جائے گی، ان کے مطالبات تھے کہ قتل اور سنگین جرائم میں گرفتار ان کے لوگ رہا کیے جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہرممکن کوشش کی کہ خون خرابہ نہ ہو، افغانستان نے پاکستان پر حملہ کیا لیکن انہوں نے دھرنا ختم نہیں کیا۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ جب تک قومی قیادت مل کر کام نہیں کرے گی ایسے نفرت انگیز واقعات کو روکنا ممکن نہ ہوگا، ریاست کے نرم رویے کی وجہ سے یہ جتھے یہاں تک پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھاپے میں کروڑ روپے، سونا اور 70 گھڑیاں برآمد ہوئیں مطلب یہ سب ان کے ذاتی فائدے کےلیے تھا، ان کا مطالبہ تھا کہ جو کیش اور سونا برآمد کیا گیا یہ واپس کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر مبہم طور پر یہ بھی مطالبہ تھا کہ جو مارچ پر خرچ آیا ہے وہ بھی دے دیں، غزہ دوائیاں یا امداد بھیجنے سے متعلق ان کا کوئی مطالبہ نہیں تھا، انہوں نے پاکستان کی ایک بڑی مذہبی شخصیت کو بھی شرمندہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید