• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ایل پی ہمیشہ جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کرتی ہے، ڈی آئی جی فیصل کامران

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) فیصل کامران نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی ہمیشہ جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کرتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران فیصل کامران نے کہا کہ سعد رضوی کو ٹریس کرلیا گیا ہے کہ کہاں کہاں ٹھہرے اور کہاں کہاں گئے۔

انہوں نے کہا کہ سعد رضوی پولیس کے پاس نہیں، کوشش ہے کہ جلد ٹریس کرکے سامنے لائیں، گولی لگی ہے تو ثبوت دکھائیں تاکہ اس کے مطابق کارروائی ہو۔

ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ یہ ہر احتجاج میں اس طرح بڑھا چڑھا کر اعداد و شمار بتاتے ہیں، یہ ہمیشہ جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ون فائیو پر ہمیں لوگوں کی کالز آئیں کہ مظاہرین نے ان کی گاڑیاں چھینی ہیں، ان کے پاس جو ڈنڈے ہوتے ہیں ان پر کیلیں لگی ہوتی ہیں۔

فیصل کامران نے یہ بھی کہا کہ پولیس کے زخمیوں کی حالت دیکھیں، ایسے جتھوں سے نمٹنا آسان کام نہیں، مظاہرین کے تشدد سے 60 کے قریب پولیس اہلکار معذور ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور ایس ایچ او کو گولی لگے گی تو کیا ریاست خاموش رہے گی، جہاں جہاں یہ احتجاج کرتے ہوئے گئے 3 افراد شہید 300 سے زائد زخمی ہوئے۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ ہماری ان سے بات چیت ہوئی، ہم نے پوچھا کہ کس چیز پر احتجاج کررہے ہیں، انہیں بتایا کہ غزہ میں تو لوگ خوش ہیں آپ کس بات پر احتجاج کررہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا فلسطین کے لیے ریلی نکالنی ہے تو وہ کرلیں، یہ بضد تھے کہ ہم احتجاجی مارچ لے کر جائیں گے، لاہور سے جب یہ نکل رہے تھے تب تک بھی ہمارے 112 اہلکار زخمی تھے۔

فیصل کامران نے کہا کہ شاہدرہ میں مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا، وہاں مظاہرین نے پولیس پر سیدھی فائرنگ کی، جتنی ضروری تھی کارروائی کرنا پڑی، بہت سوچ سمجھ کر کارروائی کی گئی، ہمارے پاس اس وقت کوئی لاش موجود نہیں، اسپتال سے بھی کسی لاش کی اطلاع نہیں ملی۔

قومی خبریں سے مزید