• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی مثبت جائزے پاکستانی معیشت میں پیشرفت کا ثبوت ہیں، وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیز کے مثبت جائزے پاکستانی معیشت میں پیشرفت کا ثبوت ہیں۔

امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال کے دوران معاشی استحکام سے متعلق نمایاں پیشرفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرِمبادلہ ذخائر، کرنسی، مہنگائی، شرحِ سود جیسے اشاریے مثبت سمت میں جارہے ہیں، عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے پاکستانی معیشت پر مثبت جائزے پیشرفت کا ثبوت ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسی کا مقصد محض معاشی استحکام نہیں بلکہ ساختی اصلاحات سے پائیدار ترقی کرنا ہے، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں بہتری اس پالیسی کے اہم ستون ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کی تنظیم نو، مالی نظم و ضبط میں شفافیت بھی اس پالیسی کے اہم ستون ہیں، حکومت نے معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت نےصنعتوں کو مسابقتی بنانے کے لیے محصولات کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں، خام مال اور درمیانی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لا کر برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر ملک اپنی معاشی ضرورتوں کے مطابق پالیسیاں بناتا ہے، پاکستان کے لیے اصل ہدف تحفظ پسندی کے بجائے مسابقت بڑھانا ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم اپنی صنعتوں کو ہمیشہ کےلیے تحفظ نہیں دے سکتے، ہمیں صنعتوں کو عالمی معیار پر لانا ہوگا تاکہ وہ ترقی کریں اور برآمدات بڑھائیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو پاکستان کےلیے ’ایسٹ ایشیا مومنٹ‘ کی ممکنہ بنیاد قرار دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید