خیبر پختونخوا گورنر ہاؤس میں نو منتخب وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں گورنر فیصل کریم تقریب میں آتے ہوئے سیڑھیوں سے گرتے گرتے بچے۔
تقریب میں کارکنان کی دھکم پیل سے گورنر توازن برقرار نہ رکھ سکے، نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو بھی دھکے لگے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے حلف اٹھا لیا۔
پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نئے وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی حلف برداری تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی، پی ٹی آئی کے رہنما اور دیگر حکام شریک تھے۔
حلف برداری تقریب میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اس دوران نعرے بازی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔
یاد رہے کہ محمد سہیل آفریدی حلقہ پی کے 70 خیبر 2 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔
وہ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بھی بنائے گئے تھے اور اس سے قبل وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سی اینڈ ڈبلیو بھی رہ چکے ہیں۔