وزیرِ اعظم شہباز شریف کی صدرِ مملکت آصف زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی ہے۔
ترجمان ایوانِ صدر کے مطابق ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر احسن اقبال، رانا ثناء اللّٰہ، رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمٰن اور نیر حسین بخاری بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران قومی اہمیت، موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتِ حال سے متعلق امور، پاکستان کے اسٹرٹیجک معاشی مفادات کو متاثر کرنے والی حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف زرداری کو حالیہ دورۂ مصر اور ملائیشیا، غزہ میں امن کی کوششوں اور عالمی رہنماؤں سے ملاقات سے آگاہ کیا۔
صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم کی ون آن ون ملاقات میں اہم قومی ترجیحات، حکومتی پالیسیوں کی مجموعی سمت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قومی اہمیت کے امور پر سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔