جامعہ کراچی میں 11 اکتوبر کو پوائنٹس بس حادثے میں جاں بحق ہونے والی شعبۂ سماجی بہبود کی طالبہ انیقہ سعید کی ہمشیرہ کو جامعہ کراچی میں گریڈ 16 میں ملازمت دینے کی منظوری دے دی گئی۔
یہ منظوری آج (ہفتے کو) جامعہ کراچی کے سنڈیکیٹ اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ متوفیہ طالبہ کے والد کو جامعہ کراچی کی جانب سے رقم کی پیش کش کی گئی تھی تاہم انہوں نے اسے لینے سے منع کر دیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس کے بجائے مستقل آمدنی کے لیے ان کی دوسری بیٹی کو جامعہ میں ملازمت دے دی جائے جس پر یہ معاملہ سنڈیکیٹ میں رکھا گیا اور سنڈیکیٹ نے شعبۂ ابلاغِ عامہ جامعہ کراچی سے حال ہی میں فارغ التحصیل ہونے والی ان کی دوسری بیٹی کو شعبۂ ابلاغِ عامہ جامعہ کراچی میں گریڈ 16 میں ملازمت دینے کی منظوری دے دی۔
ادھر شعبۂ جرمیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر نائمہ سعید کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے پوائنٹ حادثے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نائمہ سعید نے بتایا کہ اس حادثے کی تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے گی جس میں سفارشات سمیت تمام پہلوؤں کا مکمل احاطہ کیا جائے گا۔