• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: شادی کو انوکھا بنانے کیلئے دلہن نے تاریخی ریلوے اسٹیشن میں تقریب رکھ لی

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکا میں دلہن نے اپنی شادی  کو یادگار اور انوکھی بنانے کے لیے تاریخی ریلوے اسٹیشن میں تقریب رکھ لی۔

اکثر شادیوں کے لیے ہوٹلوں یا پارکس کا انتخاب کرنا تو عام بات ہے، مگر 32 سالہ میرِتھ جولیانی نے اپنی شادی کے لیے نیویارک کے تاریخی گرینڈ سینٹرل ٹرمینل کو ہی شادی ہال میں بدل دیا  اور اس طرح اپنے ’شاندار خواب‘ کو حقیقت کا روپ دے دیا۔

دلہن بننے والی خاتون جولیانی نے اپنے شریکِ حیات ڈیوڈ گیریٹ کے ساتھ 11 اکتوبر کو وینڈر بلٹ ہال میں شادی کی۔

شادی کی سجاوٹ کسی فلمی منظر سے کم نہ تھی، 12 فٹ بلند پھولوں کی سجاوٹ، سنہری فرش، ہارپ اور وائلن کی دھنیں اور ایک پرانی طرز کا ’ٹکٹ بوتھ‘ جسے دلہن نے خود ڈیزائن کیا تھا۔

 اسی بوتھ پر مہمانوں کو ریسیپشن کے لیے خصوصی ٹرین ٹکٹ نما دعوت نامے دیے گئے، جن پر ان کی نشستوں کے نمبر درج تھے۔ 

خیال رہے کہ گرینڈ سینٹرل ٹرمینل نیویارک شہر کی پہچان، فنِ تعمیر کا شاہکار اور دنیا کے مصروف ترین ریلوے اسٹیشنوں میں سے ایک ہے۔ 

یہ مین ہٹن کے وسط میں 42 ویں اسٹریٹ اور پارک ایونیو پر واقع ہے، جہاں روزانہ لاکھوں مسافر گزرتے ہیں۔

1913ء میں تعمیر ہونے والا یہ شاندار ریلوے ٹرمینل ناصرف نقل و حمل کا مرکز ہے بلکہ نیویارک کی تاریخ، ثقافت اور آرکیٹیکچر کی جھلک بھی پیش کرتا ہے۔

اس کی 55 فٹ بلند چھت، سنہری فانوس، سنگِ مرمر کی دیواریں اور کلاسیکی گھڑی اسے ایک منفرد مقام عطا کرتی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ گرینڈ سینٹرل ناصرف نیویارک کے باسیوں کے لیے بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے بھی رومانویت، تاریخ اور جدت کا حسین امتزاج بن چکا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید