بیجنگ ( اے ایف پی) کشیدگی میں کمی کیلئے چین اور امریکا نئے تجارتی مذاکرات پر متفق، دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان ایک اور ٹیرف جنگ سے بچنے کیلئے آئندہ ہفتےبات چیت ہوگی ۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین اور امریکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے تجارتی مذاکرات کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے تاکہ باہمی تنازعات کو کم کیا جا سکے اور دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان ایک اور ٹیرف جنگ سے بچا جا سکے۔ گزشتہ ہفتے چین نے نایاب معدنیات کی صنعت پر سخت برآمدی کنٹرول عائد کیے تھے، جس کے جواب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے آنے والی درآمدات پر 100فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی تھی۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ اور امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے درمیان ہفتے کی صبح ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جسے کھری، تفصیلی اور تعمیری قرار دیا گیا۔ دونوں فریقین نے جلد از جلد براہِ راست ملاقات اور مذاکرات کے نئے دور پر اتفاق کیا۔