پاکستان پر افغانستان سے جارحیت کے بعد بارڈر کی بندش سے 422 کنٹینرز سرحد پار نہیں کر سکے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کراچی سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے 422 کنٹینرز تاحال موجود ہیں۔
یہ کنٹینرز پاکستان پر افغان جارحیت کے باعث بارڈر بندش کے باعث تاحال سرحد پار نہیں کر پائے ہیں۔
افغان ٹرانزٹ ٹریڈ حکام کے مطابق کراچی سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے یومیہ 50 سے 60 کنٹینرز روانہ ہوتے ہیں، جو چمن سے ملحقہ افغان سرحد پار کرتے ہیں لیکن افغانستان کی پاکستان پر جارحیت کے بعد ایک ہفتے سے یہ سلسلہ رک گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس دوران کراچی سے نکلے ہوئے 422 کنٹینرز تاحال روٹ پر پھنسے ہوئے ہیں، جن میں حب، خضدار اور قلات میں 114، پشین چمن روٹ پریارو کے مقام پر 17، چمن ہالٹ میں 217 اور این ایل سی چمن یارڈ میں افغان ٹریڈ کے 74 کنٹینرز موجود ہیں، جو کشیدگی کے باعث تاحال افغانستان نہیں بھجوائے جا سکے۔
حکام کے مطابق کراچی سے مزید کنٹینرز کی آمد رکوا دی گئی ہے، حالات کی بہتری کے بعد یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔