• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ایل پی کے 36 سو فنانسرز کی نشاندہی کر لی: عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری—فائل فوٹو
پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری—فائل فوٹو

پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے 36 سو فنانسرز کی نشاندہی کر لی ہے، مالی مدد کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے ہوں گے، قبر کا استعمال کر کے چندہ اکٹھا کرنے اور اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹی ایل پی کی 130 مساجد حکومتی تحویل میں لی جا چکی ہیں، جبکہ اس کے 223 مدارس کی جیو ٹیگنگ کر لی گئی ہے، وفاقی حکومت کو اس جماعت کو بین کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے، امید ہے کہ اس شر پسند جماعت کو جلد بین کر دیا جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی مسجد کسی طور پر مسمار نہیں کی جا رہی، شیطانی و خرافاتی آئیڈیاز مذکورہ جماعت کے ذہن میں آتے ہیں، مساجد و مدارس کا نظم و نسق محکمۂ اوقاف کے زیرِ انتظام کیا جا رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسی فرقے، جماعت یا گروہ کے خلاف ایکشن نہیں، دہشت گرد سوچ کے خلاف ایکشن ہے، والدین بچوں کو اس جماعت کی سرگرمیوں سے بچائیں، ورنہ ان پر دہشت گردی کے مقدمے ہوں گے، جو بچہ ایسی سرگرمی میں ملوث ہو گا اسے کہیں داخلہ ملے گا نہ ویزا، نہ ہی ملک میں کوئی سہولت ملے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے 6 مدارس حکومتی زمین پر بنائے گئے جن کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے ہوں گے، جماعت کے سربراہ اور ان کے بھائی کو ٹریس کیا جا رہا ہے، بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، خود بھاگے ہوئے ہیں، لوگوں سے کہتے ہیں کہ باہر نکل آئیں اور آگ لگائیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں پریشر گروپ بنیں، تمام حملوں کی باقاعدہ فوٹیجز موجود ہیں، شاہدرہ میں بھی پولیس اہلکار پر تشدد کی ویڈیو موجود ہے، سیاستدانوں اور صحافیوں کو دھمکی دینے کے لیے آرگنائزڈ سیل بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قبر کا استعمال کر کے چندہ اکٹھا کرنے اور اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دیں گے، حکومت نے 330 مساجد کا انتظام سنبھال لیا ہے، تمام مساجد کھلی ہیں اور نماز کے لیے استعمال ہو رہی ہیں، ٹی ایل پی کے مدرسے بھی جلد کھول دیے جائیں گے، اہلسنت و الجماعت کے علماء کو ان مدارس کا کنٹرول دیا جائے گا، حکومت اس جماعت کے خلاف عدالتی کارروائی کو یقینی بنائے گی۔

پنجاب کی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے 33 مقدمات میں نامزد افراد کو گرفتار کیا جائے گا، دونوں بھائیوں کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ٹی ایل پی کے سربراہ کے 95 بینک اکاؤنٹس ہیں، مسروقہ و غیر مسروقہ جائیداد سیل کر دی گئی، ان کے گھر سے قیمتی سامان بھی برآمد ہوا، ان کے گھر سے ایک کلو 920 گرام سونا برآمد ہوا، 898 گرام چاندی، 68 نایاب گھڑیاں اور قیمتی چیزیں برآمد ہوئیں، انہوں نے بے نامی جائیدادیں خریدیں، علاقہ نو گو ایریا بنایا، ان کے ہیڈ کوارٹر کے آس پاس انہوں نے بے نامی جائیدادیں خرید رکھی تھیں، اس مذہبی جماعت کی لیڈر شپ کے خلاف کریک ڈاؤن چل رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بابا جی کی قبر کہیں بھی ٹرانسفر نہیں کی جا رہی، یہ بھی ہماری پالیسی نہیں ہے، قبر کا استعمال کر کے چندہ اکٹھا کرنا یا اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں ہو گی، دہشت گرد جماعتوں کو چندہ دینے والے 38 فنانسرز کی نشاندہی ہو چکی ہے، تمام اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں، مالی مدد کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے ہوں گے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں، انہیں کسی کا ایندھن بننے کی اجازت مت دیں، مریدکے کے مقدمات کے لیے اسپیشل پراسیکیوشن سیل قائم کر دیا گیا ہے، مریدکے میں 3 راہ گیر شہید ہوئے، 48 شہری زخمی ہوئے، واقعے میں 110 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، 18 اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، واقعے میں 8 پولیس وینز کو آگ لگائی گئی،اسلحے سمیت پولیس وینز پر قبضہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ مذہبی جماعت پر ریاست اور حکومت نے جو فیصلہ لیا اس پر عملدرآمد ہو رہا ہے، سارے فساد کو فلسطین اور غزہ کا مقدمہ کہا گیا، اینٹوں سے بھری ٹرالیاں ان کے ساتھ چل رہی تھیں، ان کا پروپیگنڈا سیل بیٹھ کر جھوٹ بول رہا ہے، ان کے ورکرز ریسکیو 1122 کے لوگوں کو مار پیٹ کر آگے بڑھتے نظر آئے، ٹی ایل پی کے ذمے داران نے پولیس کو پکڑا اور پھر مارا، مذہبی جماعت کے سربراہ کہتے رہے کہ پولیس والوں کو جانے نہ دینا، جدید آلات سے لیس دفتر سے صحافیوں کو دھمکیاں دی جاتیں، آرگنائزڈ سیل موجود ہے جس میں کچھ نوجوان کام کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید