وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مدارس و مساجد کے امور میں حکومت کوئی دخل نہیں دے گی، فوکل پرسن فریقین کے درمیان رابطے کے لیے ہر وقت موجود ہو گا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کراچی میں معروف عالمِ دین اور سابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
محسن نقوی نے مفتی منیب الرحمٰن کی سربراہی میں ممتاز علمائے اہلسنت سے ملاقات کے دوران ماضی قریب میں رونما ہونے والے واقعات پر تفصیلی گفتگو کی۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن اور ناصر حسین شاہ بھی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں علامہ مظفر شاہ، مفتی عابد مبارک، علامہ لیاقت حسین اظہری، علامہ ریحان اظہر، مفتی رفیع نورانی، علامہ اشرف اور علامہ احمد ربانی شریک ہوئے۔
علمائے کرام نے مختلف مسائل پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو اپنا مؤقف پیش کیا۔
وزیرِ داخلہ نے علماء کا مؤقف سنا اور انہیں تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں بہت جلد اسلام آباد میں تفصیلی نشست کے اہتمام اور تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مدارس و مساجد کے امور میں حکومت کوئی دخل نہیں دے گی، فوکل پرسن فریقین کے درمیان رابطے کے لیے ہر وقت موجود ہو گا۔