وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ کوئی بھی جتھہ ہتھیاروں کے ساتھ ہوگا تو اُس کے خلاف ضرور ایکشن ہوگا۔
محسن نقوی نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد سے ملاقات کی، جس میں چیئرمین خالد مقبول صدیقی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، امین الحق اور فاروق ستار موجود تھے۔
ملاقات کے بعد گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پُرتشدد جتھے کو چندے سے مدد دینے والوں سے متعلق اگلےچند دنوں میں صورتحال واضح ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، کسی بھی جتھے کو مسلح سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ مفتی منیب الرحمان کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، ہم سب مل کر بھنور سے نکل سکتے ہیں، کہیں بھی میری ضرورت ہوئی میں حاضر ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ڈاکوؤں کے معاملے کو صوبائی حکومت ہینڈل کررہی ہے، کسی بھی صوبے میں کوئی جتھہ ہتھیاروں کے ساتھ ہوگا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ سیز فائر ہوچکا ہے، اگر پھر خلاف ورزی ہوئی تو ان کو پتا ہے، ہمارا ردعمل کیا ہوگا۔