پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے سابقہ اہلیہ جمائمہ کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت پیش کی۔
مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر انہوں نے تعزیتی پیغام شیئر کیا اور بتایا کہ انہیں اس افسوس ناک خبر کے بارے میں گزشتہ روز علم ہوا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ مجھے لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے انتقال کی افسوس ناک خبر کے بارے میں میرے اہلِ خانہ سے ابھی معلوم ہوا، یہ جان کر بہت افسوس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ میرے بیٹوں کی بہترین نانی اور ایک نہایت مہربان اور ہمدرد انسان تھیں۔ میں جب بھی لندن جاتا تو اپنے بیٹوں کے ساتھ ان کے یہاں ٹھہرتا تھا۔ وہ میرے لیے میری والدہ کی طرح تھیں، خاص طور پر 1985 میں میری اپنی والدہ کے انتقال کے بعد۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ان کی موت سے گہرا صدمہ ہوا، وہ ہماری یادوں میں ہمیشہ رہیں گیں، ان کے تمام بچوں اور پوتے پوتیوں، نواسے، نواسیوں سے دل کی گہرائیوں کے ساتھ اظہار تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اگر میں جیل میں قید نہ ہوتا تو میں اپنے بیٹوں سلیمان اور قاسم کے ساتھ اس کی آخری رسومات میں شریک ہوتا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کی والدہ اور برطانوی سماجی شخصیت لیڈی اینابیل گولڈ سمتھ 18 اکتوبر کو 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔