• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں پولینڈ کا اہم کردار ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاک فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں پولینڈ کا اہم کردار ہے۔

پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ رادوسواف شکورسکی کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ نائب وزیراعظم پولینڈ کے دورۂ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تاریخی اور منفرد تعلق قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کو اپنا اہم شراکت دار سمجھتا ہے، وفود کی سطح پر مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور تعاون کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پولینڈ کے وزیر خارجہ رادوسواف شکورسکی کا استقبال کر کے مسرت ہوئی، یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، ان کےلیے یہ خطہ اجنبی نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے دوسری جنگ عظیم میں ہزاروں پولش مہاجرین کو پناہ دی، پولش ایئر فورس افسر نے پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دیں۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج باہمی تعاون اور آئی ایس ایس آئی اور پولش انسٹی ٹیوٹ کے درمیان تعاون پر مفاہمتی یادشتوں پر بات ہوئی۔ رادوسواف شکورسکی کا دورہ پاک پولش تعلقات میں بہتری کے لیے سنگ میل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فتنہ الخوارج کے پاکستان پر حملوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں: نائب وزیراعظم پولینڈ

پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم پولینڈ رادوسواف شکورسکی نے کہا کہ شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، معیشت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ معدنیات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی، پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولینڈ مستحکم اور پُرامن جنوبی ایشیا کا خواہاں ہے۔ میں باہمی تعلقات تاریخ یاد دلانے پر مشکور ہوں، دونوں خطوں کے تھنک ٹینک کا باہمی تعاون ضروری ہے.

رادوسواف شکورسکی نے کہا کہ ہم نے کان کنی اور بلڈنگ کے شعبوں میں تعاون پر بات کی، پولینڈ میں 2 ہزار کے قریب پاکستانی ہیں، پولش جامعات پاکستانی طلباء میں مقبول ہیں، پولینڈ میں غیرقانونی تارکین وطن کے حوالے سے سخت قوانین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلر پولش سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں، پولش سرحد اب یورپی یونین کی محفوظ سرحد ہے، موسم سرما میں لوگوں کو یہ سرحد عبور نہ کرنے پر زور دیتے ہیں، روس یورپ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی نئی کوششیں کر رہا ہے۔

پولینڈ کے  نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت غزہ میں امن چاہتے ہیں، غزہ میں امن کے حوالے سے بھی کام کر رہے ہیں، پولینڈ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے قریب ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور پولینڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان اور پولینڈ کے نائب وزرائے اعظم نے شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید