وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال حج کرنے والے حجاج کو ساڑھے تین ارب روپے واپس کریں گے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ رقم مختلف مدوں میں بچائی گئی ہے، ساڑھے 3 ارب روپے کی واپسی آج سے شروع ہو گی۔
وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ رقوم کی ادائیگی 31 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گی، کُل 66377 حجاج کو 3 ارب 45 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگی ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ حجاج کو 12 ہزار سے 1 لاکھ 10 ہزار روپے تک بینکوں کے ذریعے رقم واپس دی جا رہی ہے، کچھ حجاج کو رقم واپس نہیں ملے گی جنہوں نے بہتر عمارات اور دیگر سہولتیں حاصل کی تھیں۔
سردار یوسف نے کہا کہ 40 دن کا لانگ پیکیج 11 لاکھ 40 ہزار روپے اور شارٹ پیکیج 12 لاکھ روپے ہوگا، دوسری قسط ساڑھے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑے گی، سرکاری اسکیم کےتحت بکنگ مکمل کر لی گئی ہے، پرائیویٹ اسکیم کی بکنگ بھی تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے کہا کہ سعودی حکومت نے آخری اسٹیج کےمریضوں کے جانے پر پابندی لگائی ہے، ہمارے بہت سے ایسےحاجی جاتے ہیں جو مکہ و مدینہ میں ہی مرنا چاہتے ہیں۔