• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کیخلاف میکنزم پر ترکیہ میں 25 اکتوبر کو بات چیت ہوگی: ترجمان دفترخارجہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کےخلاف ایک ٹھوس، قابل تصدیق میکنزم کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس پر ترکیہ میں 25 اکتوبر کو بات چیت ہو گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا۔ دورے میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی اور 2 مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے۔

طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی، علاقائی و عالمی امور اور یوکرین سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ 

انہوں نے کہا کہ پولینڈ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں استحکام کے عزم کی تجدید کی اور پولش نائب وزیر اعظم نے قیام امن سے متعلق پاکستان کے کردار کو سراہا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے مراکش، سعودی عرب، یواے ای کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے ہوئے۔ رابطوں میں باہمی تعلقات کے فروغ کا اعادہ کیا گیا۔ 

ترجمان کا کہنا ہے دوحہ مذاکرات میں ایک دستاویز پر اتفاق رائے اور دستخط ہوئے، وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ افغان طالبان حکومت اس کو معاہدہ کہتی ہے یا نہیں، کوئی فرق نہیں پڑتا، پاکستان دوحہ میں پاک افغان معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ دریائے کنڑ سے متعلق عالمی قوانین کی پاسداری کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی سلامتی صورتحال کے باعث افغان سرحدی راہداریاں بند رہیں۔ اشیاء کی آمد و رفت اور تجارت سے زیادہ اہم ایک عام پاکستانی کی جان بچانا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کا افغانستان میں سفارتخانہ کھولنا 2 ممالک کا اندرونی معاملہ ہے، ہم دو ممالک کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے، بھارت کا افغانستان میں کردار زیادہ مثبت نہیں رہا۔

’اسرائیلی عالمی قوانین کی بھرپور خلاف ورزیاں کر رہا ہے‘

انہوں نے کہا کہ اسرائیل تمام عالمی قوانین کی بھرپور خلاف ورزیاں کر رہا ہے، ہم اس معاملے کو اُجاگر کرتے رہیں گے، ہم نے اسرائیلی خلاف ورزیوں اور ان کی وجہ سے ہونے والے اسرائیلی واقعات پر نظر رکھی ہوئی ہے،

ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کا قیام ہی وہ روڈ میپ ہے جس پر ہم قائم ہیں، پاکستان اسرائیل کے مغربی کنارے کے حصوں کو ضم کرنے کی کوششوں کی سخت مذمت کرتا ہے، ہم فلسطین کاز کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کے خلاف مشاورتی رائے دی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ عدالت نے اسرائیل کو امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں نہ کھڑی کرنے کا پابند کیا۔ جنوری 2024 سے اب تک یہ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کا چوتھا فیصلہ ہے۔ اوآئی سی اور متعدد مسلم ممالک نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں فلسطین کے حصوں کو ضم کرنے کے غیر قانونی نئے اسرائیلی قوانین کی شدید مذمت کی۔

قومی خبریں سے مزید