• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان طالبان سے مذاکرات میں معاملات طے نہیں پاتے تو ہماری اور ان کی کھلی جنگ ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان طالبان سے مذاکرات میں اگر معاملات طے نہیں پاتے تو ہماری اور ان کی کھلی جنگ ہے، اگر ان کی شرائط پاکستان کے لیے قابلِ قبول ہوئیں تو معاہدہ ضرور ہوگا۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قطر اور ترکیے کے ذریعے افغانستان سے مذاکرات ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ استنبول میں افغان طالبان سے ہونے والی بات چیت کے نتائج آج شام تک نہیں تو کل تک آجائیں گے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ افغان طالبان کن شرائط پر امن چاہتے ہیں آج کے مذاکرات میں واضح ہو گا، اگر ان کی شرائط ہمیں سمجھ آئیں تو معاہدہ ترتیب دیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر 4 ،5 دن سے کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے، قطر معاہدے کی 80 فیصد پاسداری کی جارہی ہے، بھارت پراکسی جنگ افغانیوں کے ذریعہ لڑ رہا ہے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ ہم نے 40 سال افغانوں کی مہمان نوازی کی اور اب افغان بھارتی پراکسی کے طور پر ہمارے خلاف کام کررہے ہیں ۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں کوئی ڈاکٹر نوکری نہیں کرنا چاہتا، سب لاہور میں نوکری کرنا چاہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید