پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق کرلیا گیا، حتمی فیصلہ صدر زرداری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر پارلیمانی گروپ کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس دوران وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی سے متعلق فیصلہ صدر آصف علی زرداری کریں گے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پی پی قیادت نے آزاد کشمیر پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں عوامی مسائل اور اُن کے حل پر بھی گفتگو ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق پی پی پی قیادت نے تنظیمی انفرااسٹرکچر مزید بہتر بنانے پر بھی غور کیا اور آزاد کشمیر کی قیادت نے بلاول بھٹو کو سیاسی صورتحال پر اپنی تجاویز دیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں زرداری ہاؤس کے باہر قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ابتدائی مشاورت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنا ہے مسلم لیگ ن نے فیصلہ کر لیا ہے، فائنل میٹنگ کے بعد میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی صدر مملکت سے مزید مشاورت کرے گی، نمبرز ہوتے ہیں تو حکومت بنائی جاتی ہے، ن لیگ نے آزاد کشمیر میں اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے سے ہمیں آفیشلی آگاہ نہیں کیا۔