• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدرِ آصف زرداری نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی منظوری دے دی

فوٹو: سوشل میڈیا۔پی پی پی
فوٹو: سوشل میڈیا۔پی پی پی

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں تحریکِ عدم اعتماد لانے اور حکومت بنانے کی منظوری دے دی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت ایوانِ صدر میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

پیپلز پارٹی رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اپنی حکومت بنانے جا رہی ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پیر کے روز حکومت سازی کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری لطیف اکبر اور چوہدری یاسین کے ناموں پر غور کیا ہے۔

پیپلز پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر مستعفی نہ ہوئے تو تحریکِ عدم اعتماد کے لے نمبرز پورے ہیں۔

آج کی میٹنگ سے متعلق ایوانِ صدر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدرِ مملکت آصف زرداری سے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے پارلیمانی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پارٹی کے کردار سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی خواتین وِنگ کی صدر فریال تالپور اور دیگر سینئر رہنما بھی اجلاس میں موجود تھے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما چوہدری یاسین کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تفصیلی اور سیر حاصل گفتگو ہوئی، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنائے گی، اس کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا، آزاد کشمیر میں وزیرِ اعظم کون بنے گا، یہ فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے تمام ارکان اجلاس میں شریک تھے، اجلاس کے پہلے سیشن کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی، دوسرا سیشن آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ہوا۔

چوہدری یاسین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر کے نئے وزیرِ اعظم کےنام کا اعلان کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید